OCD in URDU

آبسیسو کمپلسیو ڈس آرڈر(اوسی ڈی) اسباب ، علامات وعلاج

او سی ڈی کی تعریف 

او سی ڈی ایک نفسیاتی حالت ہے  جس میں انسان کے ذہن میں متواتر ایسے خیالات آتے رہتے ہیں جن کی وجہ سے وہ ایک ہی عمل کو نا چاہتے ہوئے بھی دہرانے پر مجبور ہو جاتا ہے . جن کی وجہ سے انسان شدید نفسیاتی دباؤ کا شکار ہو جاتا ہے اور اس کی روزمرہ کی زندگی بری طرح متاثر ہوتی ہے ۔ اس حالت میں انسان مجبورا ان افعال کو انجام دیتا ہے تاکہ اس کو نفسیاتی دباؤ سے نجات مل سکے ۔

انسان اگر ان خیالات کو نظر انداز کرنے کی کوشش بھی کرتا ہے تو بار بار آنے والے  خیالات اسے چین سے بیٹھنے نہیں دیتے ہیں جس کی وجہ سے ایک چکر شروع ہو جاتا ہے اور وہ اس کے تحت ایک ہی کام کو دہراتا رہتا ہے ۔اوسی ڈی اکثر ایک جیسی عادات اور حرکات کے گرد  گھومتا رہتا ہے جیسے کہ انسان کو جراثیموں کا خوف ہوتا ہے ۔ اس خوف سے نجات پانے کے لئے وہ بار بار ہاتھ دھوتا رہتا ہے یا صفائی کرتا رہتا ہے ۔ 

جس افراد کو او سی ڈی ہوتا ہے وہ اکثر اس کی وجہ سے شرمندگی ، مایوسی اور نفسیاتی دباؤ کا شکار ہو جاتا ہے ، تاہم اس کے بروقت علاج سے اس حالت کو اور اس کی علامات کو بہتر کیا جا سکتا ہے ۔ 

اوسی ڈی سے کون سے افراد متاثر ہو سکتے ہیں ؟

یہ حالت کسی کو بھی متاثر کر سکتی ہے ۔ عام طور پر اس سے متاثر ہونے والوں کی عمر 19 سال سے زیادہ ہوتی ہے ۔ تقریبا 50٪ افراد میں اس کی علامات ابتدائی عمر میں یا بلوغت کے ساتھ ہی ظاہرہونا شروع ہو جاتے ہیں ۔ تاہم بعض اوقات اس کی علامات 40 سال کی عمر کے بعد بھی ظاہر ہو سکتی ہیں 

اوسی ڈی کی علامات 

او سی ڈی کی بنیادی علامات میں وسوسوں کا آنا یا مجبورا کئے جانے والے افعال ہیں جن کی وجہ سے انسان کی روزمرہ کے معمولات زندگی متاثر ہوتے ہیں  مثال کے طور پر اس حالت کی وجہ سے لوگ  بروقت کام پر جا نہیں سکتے ہیں ۔ یا پھر اس حالت کی وجہ سے لوگ بروقت سونے کے قابل نہیں رہتے ہیں 

اس حالت  سے متاثرہ افراد کو اس بات کا ادراک ہوتا ہے کہ وہ جو کر رہے ہیں وہ ٹھیک نہیں ہے لیکن اس کے باوجود وہ خود کو روک نہیں پاتے ہیں ۔ خاص طور پر جن کے بچوں  کو یہ حالت ہوتی ہے  ان کو   ان کی حالت دیکھ کر بروقت  ماہرین نفسیات سے رابطہ کرنا چاہئے ۔ 

اس حالت کی عام علامات کچھ اس طرح سے ہو سکتی ہیں ۔ 

  • کسی آلودہ اور گندی چیز کا خوف جیسے کہ جراثيم یا مٹی سے گندے  ہو جانے کا خوف 
  • کسی دوسرے کی جانب سے، یا خود اپنے آپ سے نقصان پہنچنے کا خوف جیسے یہ محسوس ہونا کہ آپ کو اپنے یا دوسرے کے کسی بھی عمل سے ناقابل تلافی نقصان ہو سکتا ہے 
  • جنسی تعلقات کے حوالے سے غیر ضروری خیالات یا خاکے نظر آنا 
  • غلطی کر دینے کا ڈر 
  • صحیح یا غلط ہونے کا دھیان 
  • ہر وقت شک و شبہ کرنا 
  • اپنے جنسی رجحان یا صنفی شناخت کے بارے میں غیر ضروری حد تک فکر مند ہونا 
  • صفائی ، ترتیب یا ہر چیز کو صحیح جگہ پر رکھنے کا جنون 
  • کسی بھی کام کے بارے میں بار بار یقین دہانی کی خواہش 

اوسی ڈی میں مجبوری کے تحت کئے جانے والے افعال 

او سی ڈی میں مجبوری کے تحت کئے جانے والے اعمال وہ بار بار کئے جانے والے رویئے یا افعال ہوتے ہیں جو مریض اپنی پریشانی کو کم کرنے یا کسی خوفزدہ کرنے والے خیال سے بچنے کے لئے انجام دیتا ہے ۔ان افعال میں وہ اپنے وقت کا ایک بڑا حصہ صرف کر دیتا ہے اور اس کی وجہ سے وہ اپنے ضروری کاموں کو وقت اور توجہ دینے سے قاصر رہتا ہے ۔ یہ افعال کچھ اس طرح سے ہو سکتے ہیں 

  • چیزوں کو ترتیب سے رکھنے کا جنون 
  • نہانے ، دھونے یا بار بار ہاتھ دھونے کا جنون 
  • ایسی چیزوں کو جمع کرنے کا جنون جن کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی ہے ۔
  • لاک ، سوئچ یا دروازوں کو بار بار چیک کرنے کا جنون 
  • بار بار چیزوں کو گننے  اور ہر بار خود کو غلط سمجھنے کا جنون 
  • کوئی بھی کام کرتے ہوئے کچھ غیر متعلق الفاظ یا دعاؤں کو دہرانے کا جنون

ایسی حالت  سے متاثرہ افراد مختلف چیزوں کو چھونے یا لوگوں سے ہاتھ ملانے سے اجتناب برتتے ہیں ۔ 

اوسی ڈی کے اسباب 

محققین اب تک اس حالت کی حقیقی وجوہات تلاش کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں ۔ تاہم ان کے مطابق مختلف عوامل اس حالت کی علامات کو متحرک کر سکتی ہیں جو کچھ اس طرح سے ہو سکتی ہیں

  • جینیٹکس :  تحقیق سے یہ بات ثابت ہے کہ اگر کسی فرد کے والدین یا قریبی رشتے داروں میں اوسی ڈی ہو تو ان میں اس حالت کے ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں 
  • دماغی تبدیلیاں : اوسی ڈی سے متاثرہ افراد کی دماغ کی تصاویر  میں یہ دیکھا گیا ہے کہ ایسے افراد کے دماغ کے کارٹکس کے  اگلے  حصے اور سب کارٹیکل ساختوں میں تبدیلیاں ہوتی ہیں  اس کے علاوہ  کچھ نیورولوجیکل حالتوں جیسے کہ  پارکسزم ، ٹوریٹ سنڈروم یا ایپی لیپسی میں بھی او سی ڈی کی علامات سامنے آسکتی ہیں 
  • بچپن کے صدمات :  کچھ مطالعات  سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ بچپن کے تکلیف دہ واقعات اور احساسات بھی او سی ڈی کا سبب بن سکتے ہیں ۔ 

اوسی ڈی کی تشخیص 

اس کی تشخیص کے لئے کوئی ٹیسٹ موجود نہیں ہیں ۔ تاہم سائکالوجسٹ متاثرہ فرد کی میڈيکل ہسٹری اور مینٹل ہسٹری کو جاننے کے بعد اس کی تشخیص کر سکتے ہیں ۔ 

اوسی ڈی کا علاج 

اس کے علاج کے لئے سائکالوجسٹ سے رجوع کرنا ہی بہتر ہوتا ہے جو کہ اس حالت کا علاج سائکوتھراپی اور ادویات کے ذریعے کرتے ہیں ۔ تاہم اگر یہ علامات تب بھی بہتر نہ ہوں تو اس صورت میں ڈاکٹر ٹرانس کرینیل اسٹیمیولیشن (ٹی ایم ایس) تجویز کر سکتے ہیں 

عمومی سوالات 

اوسی ڈی  کی حالت  کو اسلامی نقطہ نظر سے کیا کہا جاتا ہے ؟

او سی ڈی جس کو شک یا  وسوسوں کی بیماری بھی کہا جاتا ہے ۔ اس حالت کو اسلامی نقطہ نظر سے وسوسوں کی حالت کہا جاتا ہے ۔ اسلام کے مطابق وسوسے شیطان کی جانب سے کی جانے والی سرگوشیاں ہوتی ہیں ۔ جو مسلمان اس حالت سے متاثر ہوتے ہیں ان کو وضو ، نماز اور طہارت کے حوالے سے مختلف قسم کے وسوسے ہوتے ہیں جن کی وجہ سے  اس کو دینی فرائض کی انجام دہی میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے 

کیا یہ قابل علاج ہے ؟

اس حالت کا مکمل علاج ممکن نہیں ہے  تاہم علاج کے ذریعے اس کی علامات کی شدت کو کم کیا جا سکتا ہے 

کیا ہر صفائی پسند فرد او سی ڈی میں مبتلا ہوتا ہے ؟

ہر صفائی پسند فرد او سی ڈی کا مریض نہیں ہوتا ہے  تاہم حد سے زيادہ صفائی پسند ہونا ، یا صفائی کا اس حد تک خیال رکھنا جس کی وجہ سے انسان کے روزمرہ کے افعال متاثر ہونے لگیں تو یہ او سی ڈی کی علامت ہو سکتی ہے ۔ 

حرف آخر 

او سی ڈی ایک نفسیاتی حالت ہے جو کہ کچھ ذہنی بیماریوں کے سبب بھی ہو سکتی ہے ۔ اس سے متاثرہ شخص اپنے ذہن میں آنے والے غیر ضروری خیالات کی وجہ سے بار بار کسی کام کو کرنے پر مجبور ہو جاتا ہے اور اپنے دن کا ایک بڑا حصہ ایسے ہی کام کرتے ہوئے گزارتا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف روزمرہ کی زندگی متاثر ہوتی ہے بلکہ اس وجہ سے وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو جاتا ہے 

اوسی ڈی کا علاج سائکالوجسٹ کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے جو کہ سائکوتھراپی کے ذریعے اس حالت کی علامات اور ان کی شدت کو کم کر سکتا ہے اور سائکاٹرسٹ ادویات کے ذریعے علاج کرتا ہے  جس کی وجہ سے انسان نارمل زندگی گزارنے کے قابل ہو سکتا ہے ۔ عام طور پر اس حالت سے متاثرہ فرد  اپنے اعمال کی وجہ سے شرمندگی کا شکار ہو جاتا ہے اور اپنی اس کمزوری کا کسی کے سامنے ذکر کرتے ہوئے گھبراتا ہے 

ایسی حالت میں صحتیاب آن لائن سائکالوجسٹ کا ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں پر مستند اور تجربہ کار سائکالوجسٹ موجود ہیں جو رازداری کی شرط کے ساتھ متاثرہ فرد کو بہترین کاونسلنگ فراہم کرتے ہیں اور ان کی علامات کو کنٹرول کرتے ہوئے نارمل زندگی گزارنے کے لئے بہترین مدد فراہم کرتے ہیں