تعارف
اداسی ایک انسانی احساس ہے جو کہ ہر فرد اپنی زندگی میں کبھی نہ کبھی محسوس کرتا ہے ۔ یہ ایک قدرتی عمل ہے جو کہ کسی درد یا جذباتی دباؤ کے سبب ہو سکتا ہے ۔ اداسی کے مختلف مراحل ہوتے ہیں ۔ مگر دوسرے تمام احساسات کی طرح اداسی کا احساس بھی عارضی ہوتا ہے جو کہ وقت کے ساتھ کم ہو جاتا ہے ۔ اپنے عارضی پن کی وجہ سے اداسی ڈپریشن سے کافی حد تک مختلف احساس ہے ۔
جب کہ ڈپریشن ایک نفسیاتی عارضہ ہوتا ہے ۔ جو کہ انسان کی معاشرتی ، سماجی اور پیشہ ورانہ زندگی کو متاثر کرتا ہے ۔ اگر اس نفسیاتی عارضے کا بروقت علاج نہ کروایا جائے تو اس کی علامات نہ صرف طویل ہوتی ہیں بلکہ زندگی کو بری طرح متاثر کر سکتی ہیں ۔
علامات کی یکسانیت کی وجہ سے اکثر اوقات اس کا فیصلہ کرنا کافی دشوار ہو جاتا ہے کہ آپ اداس ہیں یا پھر آپ کو ڈپریشن کا عارضہ لاحق ہے ۔ اس فرق کو بہتر طریقے سے سمجھنے کے لئے ان کی علامات کے فرق کو جاننا بہت ضروری ہوتا ہے جو کہ ماہر نفسیات کی تحقیقات کی روشنی میں یہاں بیان کیا جائے گا ۔
1 – اداسی ایک احساس ہے جب کہ ڈپریشن ایک نفسیاتی عارضہ ہے
اداسی ایک بنیادی احساس ہے اور ہر حساس انسان کی زندگی کا حصہ ہو سکتا ہے ۔ جس کو وہ اپنی زندگی کے کسی نہ کسی دور میں محسوس کرتا ہے ۔ اداسی کا یہ احساس زندگی کے مشکل تجربات کا سامنا کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے ۔ کسی بھی جذباتی دباؤ ، دلی لگاؤ سے ملنے والے صدمے یا نظر انداز ہونے کی صورت میں یا کسی قریبی فرد کے بچھڑنے کی صورت میں اداس ہونا ایک فطری عمل ہے ۔
جب کہ دوسری طرف ڈپریشن ایک نفسیاتی عارضہ ہے ۔ اس کی وجہ سے جو علامات ہوتی ہیں ان میں اداسی بھی شامل ہے لیکن اس کا دورانیہ دو ہفتوں سے زيادہ ہو سکتا ہے ۔ اس حالت میں ایسی اشیا جو کہ عام حالات میں خوشی کا سبب ہوتی ہیں وہ بھی انسان کو خوش نہیں کرتی ہیں اور وہ ان میں کوئی دلچسپی مجسوس نہیں کرتا ہے ۔
مستقل اداسی ڈپریشن کی دیگر علامات میں سے ایک علامت ہو سکتی ہے ۔ایسی حالت میں انسان کے خیالات ، رویئے یہاں تک کہ جسمانی تجربات بھی اس کے جذبات کے ساتھ تبدیل ہو جاتے ہیں ۔ جو کہ مستقل مایوسی ، برتاؤ اور زندگی کے حوالے سے سوچ میں بڑا فرق پیدا کرنے کا باعث بنتی ہے۔
2- اداسی عارضی جب کہ ڈپریشن طویل وقتی ہوتا ہے
انسان کے جذبات اس کی زندگی کے حوالے سے ایک ردعمل ہوتا ہے ۔ جو کہ وقت کے ساتھ تبدیل ہو جاتے ہیں ۔ اگر انسان کسی وجہ سے صدمے کا شکار ہو جائے تب بھی وقت کے گزرنے کے ساتھ رفتہ رفتہ یہ صرمہ کم ہونے لگتا ہے اور انسان خود کو بہتر محسوس کرنے لگتا ہے ۔ مگر ایسا ڈپریشن کی صورت میں نہیں ہوتا ہے وہ وقت کے ساتھ کم ہونے کے بجائے وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتا جاتا ہے اور اس کی علامات وقت کے ساتھ شدت اختیار کرنے لگتا ہے جس سے انسان کی پوری زندگی متاثر ہو سکتی ہے ۔
3- اداسی ایک ردعمل ہے جب کہ ڈپریشن ایک ایب نارمل حالت ہے
اداسی ایک ردعمل کے طور پر ہونے والا احساس ہوتا ہے ۔ جس کی کوئی نہ کوئی وجہ ضرور ہوتی ہے ۔ اداسی کے اس احساس کی شدت کا انحصار اس وجہ کی شدت پر ہوسکتا ہے ۔ جب کہ اس کے برخلاف ڈپریشن کے سبب ہونے والا اداسی کا احساس اکثر بے وجہ ہوتا ہے ۔ یہ کسی فرد یا حادثے کے سبب نہیں ہوتا ہے ۔ بلکہ یہ ہر حالت میں یکساں شدت کے ساتھ رہتا ہے ۔
ڈپریشن کی حالت میں انسان کی کسی بھی بات پر توجہ کے ارتکاز میں کمی واقع ہوتی ہے ۔ انسان اپنے مستقبل کے حوالے سے منفی سوچوں کا شکار ہوسکتا ہے ۔ مستقل طور پر مایوسی اور خود کو بے یار و مددگار سمجھنے لگتا ہے ۔ اگر انسان کسی حادثے کی وجہ سے ڈپریشن کا شکار ہو تو اس حادثے کے حوالے سے کوئی یاد یا سوچ انسان کی علامات میں اضافے کا باعث بن سکتی ہیں ۔
اداسی کی حالت میں انسان کے ارد گرد افراد اس کے لئے سپورٹ سسٹم کا کام کرتا ہے اور اس سے اس کی علامات میں بہتری آسکتی ہے جب کہ دوسری جانب ڈپریشن کی حالت میں انسان کی علامات میں کسی سپورٹ سسٹم سے کوئی افاقہ نہیں ہوتا ہے ۔
4- اداسی عارضی طور پر موڈ بدلتی ہے جب کہ ڈپریشن زندگی کو بدل ڈالتا ہے
انسان اداسی کی حالت میں کچھ دن یا ہفتوں تک برے موڈ کا شکار ہو سکتا ہے ۔ اس کی وجہ سے اس کی بھوک پیاس اور نیند کی عادات میں تبدیلی واقع ہوتی ہے ۔ مگر موڈ کی یہ تبدیلی وقت کے ساتھ ساتھ نارمل حالت میں آنے لگتی ہے اور انسان اپنی عام روٹین اختیار کرنے لگتا ہے
جب کہ دوسری جانب ڈپریشن کی حالت میں انسان کی پوری زندگی ہی تبدیل ہو جاتی ہے ۔ انسان کی بھوک پیاس نیند کی عادات تو تبدیل ہوتی ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ انسان کی خود اعتمادی ، سماجی تعلقات ، معاشرتی رشتے بری طرح متاثر ہوتی ہے ۔ انسان شدیدجسمانی کمزوری محسوس کرتا ہے اور اس کو کسی بھی کام میں دلچسپی محسوس نہیں ہوتی ہے جس سے اس کی روزمرہ کی زندگی بری طرح متاثر ہوتی ہے ۔
5- اداسی کی تشخیص نہیں ہوتی جب کہ ڈپریشن کی تشخیص ممکن ہے
اگر آپ کو یہ محسوس ہو رہا ہے کہ آپ کسی وجہ سے اداس ہیں تو کوئی بھی آپ کے اس احساس سے انکار نہیں کر سکتا ہے ۔ کیوں کہ ہر انسان اپنے احساسات کو لے کر آزاد ہوتا ہے ۔ تاہم اس کو تشخیص کرنا کسی کے لئے بھی ممکن نہیں ہوتا ہے ۔ کیوں کہ اس کی علامات کا کوئی سیٹ پیٹرن نہیں ہوتا ہے ۔ ہر فرد اپنی اداسی کو آزادانہ طور پر محسوس کرنے کی آزادی ہوتی ہے ۔
اس کے مقابلے میں ڈپریشن علامات کے ایک سیٹ پیٹرن کا مجموعہ ہوتا ہے جن کی ہسٹری لینے کے بعد کوئی بھی ماہر نفسیات اس کی تشخیص کر سکتا ہے ۔ اس کی بروقت تشخیص اور مناسب علاج کے ذریعے اس کی علامات کو بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔ بروقت علاج سے متاثرہ فرد کی حالت میں سدھار ہو سکتا ہے ۔ اس کے علاج میں سائکوتھراپی کے ساتھ ساتھ ادویات کا استعمال حالت کو بہتر بناسکتا ہے
حرف آخر
آپ صرف اداسی کا شکار ہیں یا ڈپریشن میں مبتلا ہیں اس کا فیصلہ پہلے مرحلے میں اپنے احساسات و جذبات کا جائزہ لے کر آپ خود کر سکتے ہیں ۔ اگر کسی صدمے کے سبب آپ اداسی کا شکار ہیں تو اپنا جائزہ لیں کہ کیا آپ کی اداسی وقت کے ساتھ کم ہو رہی ہے اور حالت میں سدھار ہو رہا ہے تو یہ ایک مثبت عمل ہے
لیکن اگر یہ دورانیہ طویل ہو جائے اور اپنی ہر کوشش کے باوجود آپ کی حالت میں بہتری نہ آرہی ہو تو مزید انتظار کے بجائے کسی ماہر سائکاٹرسٹ سے رابطہ کریں تاکہ اس کی مدد سے آپ اپنی علامات کی بنیاد پر یہ جان سکیں کہ کہیں آپ کی حالت ڈپریشن کی وجہ سے تو نہیں ہے ۔ ایسے میں صحتیاب ایسا آن لائن پلیٹ فارم ہے جہاں پر ماہر سائکاٹرسٹ اور سائکالوجسٹ آپ کی ہسٹری اور علامات کی بنیاد پر نہ صرف آپ کو آن لائن کاؤنسلنگ فراہم کر سکتے ہیں بلکہ باقاعدہ علاج کے ذریعے آپ کو دوبارہ سے نارمل زندگی کی طرف لوٹا سکتے ہیں