ایک گیلپ سروے کے مطابق ، ماضی کے مقابلے میں حالیہ برسوں میں پاکستان میں شادی شدہ جوڑوں کے درمیان طلاق کی شرح میں 48٪ تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ میاں بیوی کے درمیان اختلافات کوئی نئی بات نہیں ہے یہ سلسلہ صدیوں سے جاری ہے مگر ماضی میں یہ تکرار یا اختلاف کسی نہ کسی خاندان کے بڑے یا دوستوں کی مدد سے صلح میں تبدیل ہو جاتا تھا ۔ مگر حالیہ دنوں میں جب کہ آج کی نسل خود کو بہت سمجھدار سمجھتی ہے وہ کسی سے مشورہ کرنا مناسب نہیں سمجھتی جس کی وجہ سے اکثر عام سے نظر آنے والے جھگڑے سلجھنے کے بجائے طلاق یا علیحدگی تک پہنچ جاتے ہیں ۔
ایک گھر کا ٹوٹنا صرف دو افراد کو ہی متاثر نہیں کرتا ہے بلکہ اس کی وجہ سے میاں بیوی کے علاوہ ان سے جڑے دوسرے افراد ، ان کے بچے بھی شدید ذہنی اور نفسیاتی دباؤ کا شکار ہوتے ہیں ۔ لہذا کسی انتہائی قدم اٹھانے سے قبل نہ صرف سو بار سوچنا چاہئے بلکہ ایسے تمام افراد سے بھی رجوع کرنا چاہئے جو کہ ان کے اختلافات کو دور کر نے میں مدد کر سکے ۔
ازدواجی تعلقات میں ماہر نفسیات کا کردار
شادی شدہ افراد کی کاونسلنگ جس کو کپل تھراپی بھی کہا جاتا ہے ، یہ ایک ایسا عمل ہوتا ہے جس میں ایک ماہر نفسیات شادی شدہ جوڑے کی تھراپی اور کاونسلنگ کے ذریعے ان کے درمیان اختلافات کو نہ صرف ختم کرنے کی مدد کرتا ہے بلکہ ان کے درمیان باہمی محبت کو بھی بڑھانے میں بھی مددگار ہوتا ہے۔
اختلافات کی وجہ سے باہمی رابطوں کا ختم ہوجانا ، جزباتی طور پر ایک دوسرے سے دور ہو جانا اور اعتبار کا ختم ہو جانا ایک فطری عمل ہے ۔ ماہر نفسیات ایسے حالات میں شادی شدہ جوڑے کو ایسے مواقع فراہم کرتا ہے جس کے ذریعے ان کے درمیان بات چیت کے ذریعے اختلافات کی شدت کو کم کیا جاتا ہے اور ان کے بکھرتے ہوئے گھر کو دوبارہ سے جوڑنے کے لئے کوشش کرتا ہے ۔
ازدواجی تعلقات میں اختلافات میں کاونسلنگ کی اہمیت
اگرچہ عام طور پر شادی شدہ جوڑے اپنے اختلافات کو اپنا ذاتی معاملہ تصور کرتے ہوئے کسی تیسرے فرد کے سامنے بات کرتے ہوئے ہچکچاہٹ کا شکار ہو جاتے ہیں ۔ لیکن یہاں ان کو یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ ماہر نفسیات سے لی جانے والی کاونسلنگ ایسی پروفیشنل مدد ہوتی ہے جو شادی شدہ جوڑوں کے اختلافات کو انتہائی رازداری کے ساتھ پیشہ ورانہ طور پر حل کرنے میں مدد دیتے ہیں ۔
ان کی یہ مدد شادی شدہ جوڑوں کے لئے کن حوالوں سے مددگار ثابت ہوتی ہے وہ کچھ اس طرح سے ہوتے ہیں
- باہمی روابط میں بہتری:رابطوں کا کمزور ہو جانا اور بات چیت کا مثبت رخ پر نہ ہونا ہی شادی شدہ جوڑوں کے درمیان اختلافات کا سب سے بڑا سبب ہوتا ہے ۔ ایسے میں ان کے درمیان بات چیت کی غیر پیشہ ورانہ کوشش مسائل میں اضافے اور تعلقات میں مزید بگاڑ کا باعث ہو سکتی ہے۔
جب کہ اس کے مقابلے میں کسی ماہر نفسیات سے لی جانے والی پیشہ ورانہ کاونسلنگ نہ صرف شادی شدہ جوڑے کے باہمی رابطوں کو بہتر بنا کر نہ صرف ان کے اختلافات کو کم کرتا ہے بلکہ ان کو یہ ہنر بھی سکھاتا ہے کہ ایک دوسرے کی بات کو کیسے برداشت اور حوصلے سے سننا ہے بلکہ اس کو سمجھ کر بات چیت کے ذریعے اختلافات کی شدت کو کم کرتا ہے ۔
- جزباتی قربت میں اضافہ :ایک کامیاب شادی کے لئے جزباتی طور پر ایک دوسرے سے جڑے رہنا بہت ضروری ہوتا ہے ۔ ایسی جزباتی قربت کی کمی شادی شدہ جوڑوں کے درمیان فاصلے پیدا کر دیتی ہے ۔ جو ان کے باہمی رشتے میں اختلافات کا سبب بن جاتی ہے ۔ تاہم ماہر نفسیات سے لی جانے والی کاونسلنگ کی وجہ سے شادی شدہ جوڑے ایک دوسرے سے کھل کر دل کی بات کر سکتے ہیں جس کے ذریعے ان کے اندر کی بات کھل کر سامنے آتی ہے ۔ اندر کا غبار نکل جانے کی وجہ سے وہ جزباتی طور پر خود کو ہلکا پھلکا محسوس کرتے ہیں اور ایک دوسرے سے جڑ جاتے ہیں ۔
- اختلافات کو حل کرنے کی تربیت : جہاں برتن ہوتے ہیں ان میں ٹکراؤ ہونا ایک فطری بات ہے مگر ان اختلافات اور ٹکراؤ کو باہمی طور پر حل کرلینا بھی ایک ہنر ہے جس کی بہترین تعلیم و تربیت ماہر نفسیات ہی کاونسلنگ اور تھراپی کے ذریعے دے سکتا ہے ۔
- باہمی اعتماد: شک ، یا اعتبار کا ختم ہو جانا باہمی رشتے میں دڑاڑ ڈال دیتا ہے ۔ شک کسی ایک فریق کی جانب سے ہی کیا جائے زندگی دونوں ہی فریقین کی اجیرن ہو جاتی ہے ۔ اور آئے روز جھگڑوں کا سبب بنتی ہے جس کو حل کرنے کے لئے ماہر نفسیات تھراپی کے ذریعے دونوں فریقین کے درمیان ایسے تمام مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں جس نے ان کے درمیان اعتبار اور اعتماد کو ختم کیا ہوتا ہے ۔
طلاق یا علیحدگی کے امکانات کو کم کرنا
اکثر شادیاں اس وجہ سے ناکام ہو جاتی ہیں کہ شادی شدہ جوڑے اس فیصلے پر پہنچ جاتے ہیں کہ وہ ایک دوسرے کو انڈر اسٹینڈ نہیں کر سکتے ہیں اور ان کے باہمی اختلافات حل نہیں ہو سکتے ہیں ۔ جب کہ ماہر نفسیات کی جانب سے دی جانے والی پیشہ ورانہ مدد اس طرح سے ترتیب دی جاتی ہے کہ جس کے ذریعے شادی شدہ جوڑے کو ایک دوسرے کو سمجھنے کا نہ صرف ہنر سکھایا جاتا ہے بلکہ ان کو ایک جگہ پر بٹھا کر ایسا موقع فراہم کیا جاتا ہے کہ وہ ایک مثبت سوچ کے ساتھ ایک دورے کے تعلق کو ایک اور موقع فراہم کریں ۔
حرف آخر
ازدواجی تعلقات میں اختلافات میں ماہر نفسیات کی جانب سے دی جانے والی کاونسلنگ کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ کیونکہ اس کے ذریعے جوڑوں کو ایسی مدد اور رہنمائی فراہم کی جاتی ہے جو سے ان کے درمیان تصادم کی کیفیت کم ہوتی ہے ۔ کپل تھراپی کے ذریعے ان کے باہمی رابطوں کو بہتر بنا کر ان میں ایک دوسرے کا احساس اور محبت کو اجاگر کرنے کا ہنر سکھایا جاتا ہے ۔
اگر آپ اپنی شادی میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں تو حالات کے مزید بگڑنے کا انتظار نہ کریں ۔ ماہر نفسیات سے لی جانے والی پیشہ ورانہ کاونسلنگ جوڑوں کو ایسا ماحول فراہم کرتی ہے جس کے ذریعے وہ ایک دوسرے کو ایک اور موقع فراہم کرتے ہیں ۔
صحتیاب آن لائن ماہر نفسیات کا ایسا ہی پلیٹ فارم ہے جہاں پر شادی شدہ جوڑوں کو آن لائن پیشہ ورانہ کاونسلنگ اس یقین کے ساتھ فراہم کی جاتی ہے کہ ان کے ذاتی معاملات ایک امانت کی طرح محفوظ رہیں گے اور ان کا بکھرتا گھر اور زندگی پرسکون ہو جائے گی ۔