باڈی ڈسمارفک ڈس آرڈر کی تعریف
باڈی ڈسمارفک ڈس آرڈر ایک ذہنی عارضہ ہے جس میں انسان اپنی ظاہری حالت اور شکل کے حوالے سے غیر معمولی حد تک حساس ہو جاتا ہے اور اس میں ہونے والی معمولی تبدیلی کے حوالے سے بھی گہری تشویش کا شکار ہو جاتے ہیں جس کا براہ راست اثر ان کی روزمرہ کی زندگی اور اس کے افعال پر بھی پڑتا ہے ۔
اس حالت میں مبتلا افراد میں اپنی ظاہری شکل کے حوالے سے منفی خیالات آتے ہیں اور وہ بار بار کبھی آئينے میں اور کبھی دوسرے افراد سے اپنے بارے میں پوچھتے رہتے ہیں اور اسی وجہ سے ان کی خوداعتمادی ختم ہو جاتی ہے وہ لوگوں میں جانے سے گھبرانے لگتے ہیں اور معاشرتی تنہائی کا شکار ہو جاتے ہیں
اس حالت میں مبتلا افراد کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ ان کے جسم کے کچھ حصے غیر متناسب ہیں ، وہ بار بار ان حصوں کو دیکھتے ہیں اور ان کو درست کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور جب اس میں ناکام رہتے ہیں تو خود کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں یا پھر خودکشی بھی کر سکتے ہیں
باڈی ڈسمارفک کی علامات
اس کی علامات ہر فرد میں مختلف ہو سکتی ہیں ۔ جن کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ متاثرہ فرد اپنے حسم کے کس حصے سے غیر مطمئن ہے ۔
- اپنے جسم کے کسی بھی حصے کی بناوٹ کو لے کر دن بھر میں گھنٹوں بیٹھ کر سوچنا
- اپنی ظاہری شکل کو کسی ماڈل یا سیلیبریٹی سے موازنہ کرتے ہوئے احساس کمتری کا شکار ہونا
- اپنے قریبی افراد اور دوستوں سے بار بار اپنے بارے میں دریافت کرنا ، مگر ان کے مطمئن کرنے پر بھی یقین نہ کرنا
- بار بار آئينے میں اپنی شکل دیکھنا اور پریشان ہونا
- مستقل طور پر خوبصورت نظر آنے کے لئے ڈائٹنگ اور ایکسرسائز کرنا
- خوبصورت نظر آنے کے لئے ہر جتن کرنا جیسے بار بار شیو کرنا یا اسکن ٹریٹمنٹ لینا
- خود کو دوسروں کی نظر سے چھپانے کی کوشش کرنا
- اپنے جسم کے جس حصے سے شکایت ہو اس کو دوسروں سے نظر سے چھپانے کی کوشش کرنا
- اپنی جلد اور جسمانی اعضا کو بہتر بنانے کے لئے ماہر جلد یا کاسمیٹک سرجری کا غیر ضروری طور پر استعمال کرنا
- ڈپریشن اور انگزائٹی کا شکار ہو جانا ، یہاں تک کہ بعض اوقات خودکشی کے خیالات آنا
باڈی ڈسمارفک کے اسباب
اس کی وجوہات اور اسباب کا اگرچہ حتمی طور پر پتہ نہیں چل سکا ہے تاہم سائکاٹرسٹ کے مطابق اس کے کچھ اسباب اس طرح سے ہو سکتے ہیں
- جنیات : اس بیماری کے شکار افراد کی جین میں ہی ایسی خرابی ہوتی ہے جس کی وجہ سے ایسی ذہنی بیماری میں مبتلا ہونے کے امکانات ہوتے ہیں ۔ بالغ افراد میں ذہنی دباؤ اس حالت کو متحرک کر سکتا ہے۔
- ادویات : کچھ مخصوص ادویات جو کہ جنسی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے لی جاتی ہیں ان کےضمنی اثرات اس بیماری کا سبب بن سکتے ہیں
- معاشرتی دباؤ : ہمارے معاشرے میں اب خوبصورتی کے جو پیمانے طے کر دیئے گئے ہیں ان میں گورا رنگ ، پتلا جسم اور ستواں نین نقش کسی بھی فرد کو احساس کمتری میں مبتلا کر سکتے ہیں اور وہ اپنی ظاہری شکل سے غیر مطمئن ہو جاتے ہیں ۔
باڈی ڈسمارفک کا علاج
اس کا علاج اتنا آسان نہیں ہوتا ہے ۔ تاہم اس کا بروقت علاج اور ماہر سائکاٹرسٹ سے کاونسلنگ اس حالت کے علاج میں کافی حد تک معاون ثابت ہو سکتے ہیں اور اس کی علامات کو کم کر کے حالت کو بہتر کر سکتے ہیں ۔ اس کا علاج جن مراحل پر مشتمل ہوتا ہے وہ کچھ اس طرح سے ہوتے ہیں
- کوگنیٹو بیہیوریل تھراپی (سی بی ٹی ): ایک ماہر سائکاٹرسٹ کاونسلنگ کی مدد سے متاثرہ فرد کی سوچ اور طرز فکر کو بدلنے میں معاون ہو سکتا ہے ۔ اس طرز علاج میں اپنی ظاہری شکل کے حوالے سے آنے والے منفی خیالات کو تبدیل کرنے میں مدد ملتی ہے
- مقابلہ کرنے کی ہمت : علاج کے دوران ماہر سائکاٹرسٹ اس بیماری کے سبب پیدا ہونے والی انگزائٹی کا مقابلہ کرنے کی ہمت پیدا ہوتی ہے ۔ اس میں متاثرہ فرد کو ایسی تیکنیک سکھائی جاتی ہیں کہ وہ ظاہری شکل کی وجہ سے ہونے والی انگزائٹی کا مقابلہ کرنے کے دوران کیسے ریلیکس رہ سکتے ہیں
- ادویات : اس کے علاج کے لئے دی جانے والی ادویات میں اینٹی ڈپریسنٹ ادویات شامل ہیں ۔ یہ ادویات علامات کو کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں ۔ اور ایسے خیالات کو بھی کم کرنے میں مدد دیتی ہیں جو کہ منفی سوچ پیدا کرتے ہیں ۔
بعض افراد باڈی ڈسفارمک ڈس آرڈر کو ختم کرنے کے لئے کاسمیٹک سرجری کی مدد بھی لیتے ہیں تاکہ جن جسمانی اعضا پر اعتراض ہو رہا ہو ان کو درست کیا جا سکے ۔ تاہم میڈيکل ماہرین کی رائے اس حوالے سے منقسم ہے کچھ افراد اس کو درست سمجھتے ہیں جب کہ کچھ افراد صرف ایک ذہنی خیال کی وجہ سے جسمانی تبدیلی کو ایک اذیت سمجھتے ہیں ۔
ایسے طریقہ کار کو اپنانے کی صورت میں صحت کے مسائل بھی ہو سکتے ہیں ۔ اور بعض اوقات مطلوبہ نتائج نہ ملنے کی صور ت میں مریض کی حالت مزید خراب بھی ہو سکتی ہے اور اس کی علامات شدت بھی اختیار کر سکتی ہیں
باڈی ڈسمارفک ڈس آرڈر کے خطرے کے عوامل
یہ نفسیاتی حالت عام طور پر ابتدائی نوجوانی میں ہونے کے امکانات زيادہ ہوتے ہیں اور یہ مردوں اور عورتوں کو یکساں طور پر متاثر کر سکتا ہے اس بیماری کے خطرے کے عوامل کچھ اس طرح سے ہوتے ہیں
- کسی قریبی عزیز کا باڈی ڈسمارفک ڈس آرڈر کا پہلے سے مبتلا ہونا
- بچپن میں ہونے والے منفی تجربات ، جیسے کہ شکل کو دیکھ کر مزاق اڑانا ، نظر انداز ہونا یا برے برتاؤ کا سامنا کرنا
- ہر وقت بہترین ہونے کا احساس
- خوبصورت نظر آنے کا معاشرتی دباؤ ، جیسے کہ اچھے رشتوں کے لئے لڑکیوں پر دباؤ ہوتا ہے
- کسی ذہنی بیماری جیسے انگزائٹی یا ڈپریشن میں مبتلا ہونا
باڈی ڈسمارفک کی پیچیدگیاں
اس حالت کی وجہ سے جو پیچیدگیاں ہو سکتی ہیں وہ کچھ اس طرح سے ہوتی ہی
- احساس کمتری
- معاشرتی تنہائی
- ڈپریشن اور موڈ میں تبدیلی
- منشیات کا عادی ہونا
- صحت کے مسائل
حرف آخر
یہ ایک نفسیاتی حالت ہے جس کے بارے میں یہ سوچنا کہ یہ وقت کے ساتھ درست ہو جائے گی ایک خام خیال ہے ۔ اس کے علاج کے لئے کسی ماہر سائکاٹرسٹ یا ماہر سائکالوجسٹ کی معاونت ضروری ہوتی ہے جو کہ متاثرہ فرد کی علامات کو دیکھتے ہوئے مرحلہ وار اس کے علاج کا آغاز کر سکتا ہے
اس کے علاج کے لئے ادویات کے ساتھ ساتھ کاونسلنگ بھی ضروری ہوتی ہے ۔ اگر متاثرہ فرد اس کے علاج کے لئے کسی نفسیاتی کلینک میں جانے سے ہچکچاہٹ کا شکار ہو تو وہ آن لائن معاونت بھی حاصل کر سکتا ہے
صحتیاب آن لائن سائکالوجسٹ کا ایسا ادارہ ہے جو کہ مریض کو یہ سروسز آن لائن فراہم کرتا ہے ۔ اس طرح سے ماہر سائکاٹرسٹ سے علاج کروانا آسان ہونے کے ساتھ ساتھ مکمل رازداری کے ساتھ ممکن ہو گیا ہے ۔ اب نفسیاتی معاونت حاصل کرنا صرف ایک کلک کی دوری پر ہے